ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں کشمیر :اوڑی سیکٹر میں پاکستان کا بیٹ حملہ ناکام

جموں کشمیر :اوڑی سیکٹر میں پاکستان کا بیٹ حملہ ناکام

Mon, 06 Nov 2017 09:58:32    S.O. News Service

سری نگر ،05؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اوڑی سیکٹر میں پاکستان کے بارڈر ایکشن ٹیم (بیٹ) حملے کو ناکام بنانے کے دوران دو جنگجووں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس مبینہ بیٹ حملے کا مقصد جنگجووں کو سرحد کے اس پار دھکیلنا تھا۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے بیٹ کاروائی کو ناکام بنایا ہے۔دولنجا اوڑی میں دو جنگجووں کو ہلاک کیا گیا۔ ہمارا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایک ممکنہ سانحہ کو ٹال دیا گیا۔تاہم فوج کا کہنا ہے کہ اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو جنگجووں کو ہلاک کیا گیا ہے۔وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا اوڑی سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے اتوار کی علی الصبح جنگجووں کے ایک گروپ کو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے بتایا جب دراندازوں کے گروپ کو للکارتے ہوئے خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے ہمارے فورسز پر فائرنگ شروع کی۔کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ اس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوگیا جس میں تاحال دو جنگجووں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا آخری اطلاعات ملنے تک اوڑی سیکٹر میں جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا۔ جنگجووں کا آبادی والے علاقوں میں داخلہ روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک وہاں روانہ کی گئی ہے۔اس سے قبل فوج نے 3 نومبر کو ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور اس میں ایک جنگجو کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔


Share: